حالی کی نثر نگاری | Hali ki nasr nigari

حالی کی نثر نگاری

حالی کی نثر نگاری کے حوالے سے بات کی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ نثر نگاری میں حالی کا قد بہت اونچا تھا۔ حالی نے ایسے دور میں نثر نگاری میں قدم رکھا جب ہر طرف نثر میں مشکل پسندی کا رواج تھا،  مولانا الطاف حسین حالی نے اس قدیم روایت سے ہٹ کر ایک جدید راستہ نکالا اور جو کچھ لکھا وہاں سادگی اور سچائی کا خاص خیال رکھا۔ چاہے اس کا تعلق سوانح نگاری سے ہو، مضمون نگاری سے ہو یا تنقید سے ہر جگہ انہوں نے ان پہلوؤں کو مقدم رکھا۔مجموعی طور پر حالی کی نثر نگاری کی خصوصیات مندرجہ ذیل ہیں:

حالی کی نثر میں سادگی :

حالی کی نثری تحریروں کی ایک بڑی خوبی سادگی ہے۔ ان کی تحریں سادہ، عام فہم اور موثر ہوتی ہیں۔ حالی سادہ اور آسان زبان استعمال کرتے ہیں۔ ان کے جملوں میں سادگی، سلاست  اور روانی پائی جاتی ہے۔ حالی اپنےخیالات کو بہت ہی سادگی سے اور  خوبصورت انداز میں پیش کرتے ہیں۔

حالی کی نثر میں متانت اور سنجیدگی :

حالی کی تحریروں میں متانت اور سنجیدگی بھی پائی جاتی ہے۔ ا ن کی زبان صاف ستھری ہوتی ہے اور ا ن کے خیالات بھی پاک صاف ہوتے ہیں۔ حالی نے جو کچھ لکھا وہاں پر لطف انداز اختیار کیا۔

حالی کی نثر میں دھیماپن اور نرمی کا انداز :

حالی کی  تحریروں  کی ایک خوبی یہ ہے کہ انہوں نے جوش بیان اور خطیبانہ انداز کو اختیار نہیں کیا بلکہ  انہوں نے اپنی نثر میں دھیماپن اور نرم لہجہ و انداز کو اپنایا ہے جس سے ان کی نثر میں حسن پیدا ہوتا ہے۔

حالی کی نثر میں استدلال :

حالی کی نثر میں استدلال کی کیفیت بھی موجود ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے سرسید کی پیروی کی ہے۔ سرسید بھی استدلال کے قائل تھے۔ حالی نے بھی وہی راستہ اختیار کیا اور اپنی نثر میں دلیلوں کا سہارا لیا ہے۔

حالی کی نثر تصنع و بناوٹ سے پاک :

حالی کی نثر کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے تصنع یا بناوٹ سے خود کو بچائے رکھا۔ حالی کو جو کچھ بھی کہنا رہتا  فطری انداز میں سادگی کے ساتھ کہہ جاتے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے یہاں نہ تو خطابت کا انداز ہے اور نہ ہی تشبیہات و استعارات کا استعمال ہے۔

حالی کی نثر میں انگریزی الفاظ :

حالی کی نثر میں انگریزی کے الفاظ بھی نظر آتے ہیں۔ انہوں نے اپنی نثر میں انگریزی الفاظ کا استعمال بہت بے تکلفی سے کیا۔ حالی کی نثر میں کہیں پر بھی بناوٹ کا احساس نہیں ہوتا ہے۔ نہ ہی اس سے ان کی تحریر بھاری اور بوجھل ہوتی ہے بلکہ ایسے مقام پر جہاں انگریزی الفاظ کا استعمال کرتے ہیں وہاں ایک خاص طرح کی جدت نظر آتی ہے۔

حالی کی نثر میں مقصدیت :

حالی کی تحریروں میں مقصدیت صاف طور پر نظر آتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے انہوں نے جو کچھ لکھا خاص مقصد کے تحت لکھا۔ ان کا سب سے بڑا مقصد اصلاح معاشرہ اور اصلاح ادب رہا ہے۔ اس لیے ان کی تحریروں میں مقصدیت موجود ہے۔

بہر حال اس طرح حالی نے نثر نگاری میں حصہ لے کر اردو نثر میں تبدیلیاں کیں اور نئے انداز و اسلوب  سے اردو نثر کو مالا مال کیا۔ انہوں نے اردو نثر کے لیے  نیا راستہ ہموار کیا۔

ڈاکٹر مطیع الرحمٰن                                                                          

Post a Comment

0 Comments