Dastaan ki tareef aur ajza-e-tarkibi | داستان کی تعریف اور اجزائے ترکیبی

داستان کی تعریف اور اجزائے ترکیبی

داستان کی تعریف:

داستان اردو ادب کی ایک  نثری صنف ہے جو قدیم دور میں کافی مقبولیت کی حامل تھی۔ داستان میں طویل سے طویل قصوں، کہانیوں اور واقعات کا بیان ہوتا ہے۔زمانہ قدیم میں جب لوگوں کے پاس فرصت کے اوقات تھے، ان کے پاس وقت گزاری کے اسباب بھی نہیں تھے تو لوگ قصوں، کہانیوں کو سنا کر اور سن کر وقت گزاری کیا کرتے تھے۔ اسی ماحول میں داستان کا وجود ہوا۔ اس وقت لوگوں کو خیالی یا مافوق فطری باتوں پر یقین بھی تھا اس لیے یہ پہلو داستان کا حصہ بن گیا۔ یعنی داستان میں خیالی باتیں ہوتی ہیں، مافوق فطری عناصر ہوتے ہیں، جن، بھوت، پریت، دیو وغیرہ کا ذکر ہوتا ہے جو شہزادوں ، شہزادیوں اور بادشاہوں کی کہانیوں کا حصہ بنتے ہیں۔ ان کہانیوں کا مقصد عوام کو تفریح عطا کرنا ہوتا ہے۔ اسی کے مد نظر داستان کو دلکش اور پر کشش انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔اس میں خیالی باتیں، مافوق فطری باتیں اور  حیران کن باتیں تو ہوتی ہیں لیکن ساتھ میں داستان  میں اس وقت کی معاشرت، سماج اور تہذیب کی تصویر بھی موجود ہوتی ہے۔

داستان کے اجزائے ترکیبی

پلاٹ:

پلاٹ قصوں یا کہانیوں کی ترتیب کا نام ہے۔ یعنی داستان میں کئی قصے اور واقعات پیش کیے جاتے ہیں۔ان واقعات یا کہانیوں کو منطقی طور پر ترتیب دینے کو پلاٹ کہا جاتا ہے۔ عام طور پر پلاٹ کی دو  کیفیتیں ہیں۔ ایک تو سادہ پلاٹ ہوتا ہے اور دوسرا تہہ دار۔ دیکھا جائے تو اردو داستان میں پلاٹ کو کوئی خاص اہمیت نہیں دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر داستانوں کے پلاٹ  غیر مرتب ہیں۔داستان کی بنیاد کسی ایک مرکزی قصہ پر قائم ہوتی ہے۔ پھر اس میں مختلف چھوٹے بڑے قصے  نکلتے جاتے ہیں اور ان قصوں سے داستان میں طوالت بھی پیدا کیا جاتی ہے۔

مرکزی قصہ  اکہرا اور قصہ در قصہ بھی ہوتا ہے۔ لیکن فنی اعتبار سےداستان کے لیے اکہرے کو بہتر نہیں مانا گیا ہے۔ بلکہ پلاٹ کی پیچیدگی کو بہتر تصور کیا گیا ہے۔ جیساکہ پروفیسر ابن کنول لکھتے ہیں:

’’داستان میں پیچیدہ پلاٹ کی موجودگی اس میں فنی حسن پیدا کرتی ہے۔‘‘ (داستان سے ناول تک، ص۱۷)

طوالت:

طوالت کو داستان کا اہم جزو مانا گیاہے ۔ طوالت سے ہی اس کی الگ شناخت بھی قائم ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ داستان  کی مرکزی کہانی کے  ساتھ  متعدد دلچسپ قصے نکلتے چلے جاتے ہیں۔ چونکہ یہ قصے قاری کے لیے  بے حد دلچسپ ہوتے ہیں اس لیے طوالت کے باوجود قاری پر گراں نہیں گزرتا۔ داستان کو طویل بنانے کے لیے مافوق فطری عناصر کا بھی  سہارا لیا جاتا ہے۔یعنی اس میں خیالی باتیں ہوتی ہیں۔ جن، بھوت، پری، دیو وغیرہ کی کہانیاں چلتی ہیں اور کہانی طویل ہوتی چلی جاتی ہے۔

عشق و محبت :

داستان میں عشق و محبت کو موضوع بنایا جاتا ہے۔خصوصاً بادشاہوں، شہزادوں اور شہزادیوں کی محبت کی کہانی پیش کی جاتی ہے۔اس سلسلے میں کئی ضمنی قصے بھی پیدا ہوتے ہیں اور کہانی طویل ہوتی جاتی ہے۔ داستان میں عشق و محبت سے متعلق دلچسپ اور رنگین باتیں بھی بیان کی جاتی ہیں جن سے داستان میں دلچسپی قائم ہوتی ہے۔

کردار نگاری:

داستان میں کردار نگاری کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن داستان کے کرداروں کا معاملہ     تھوڑا مختلف ہوتا ہے۔ یعنی داستان کے کردار ناول اور افسانوں کے کرداروں کی طرح نہیں ہوتے ہیں۔ داستان کے کرداروں میں ارتقائی پہلو کو ضروری نہیں شمار کیا گیا ہے بلکہ سپاٹ کردار کو ہی بہتر تصور کیا جاتا ہے۔

داستان کے کرداروں کے لیے اس بات کا بھی خیال نہیں رکھنا پڑتا ہے کہ ان کا تعلق حقیقی زندگی سے ہو۔ بلکہ غیر حقیقی کردار  بھی تخلیق کیا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ داستانوں میں جن، بھوت،  دیو اور پری وغیرہ کے کردار  جا بجا نظر آتے ہیں۔ان کرداروں کے علاوہ غیر ناطق مخلوق بھی داستان کے کردار ہوتے ہیں جو انسانوں سے باتیں کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ سارے کردار ضمنی ہوتے ہیں۔ عام طور پر داستان کے مرکزی کردار باشاہ، شہزادے اور شہزادیاں ہوتی ہیں۔ اسی کے تحت یہ کردار وجود میں آتے ہیں اور کہانی آگے بڑھتی جاتی ہے۔

مافوق فطرت عناصر :

مافوق فطرت عناصر  کو داستان کا اہم جزو تصور کیا گیا ہے۔ اس سے داستان میں دلچسپی بھی پیدا کی جاتی ہے۔ جن، بھوت، دیو، پری وغیرہ کے ایسے ایسے واقعات پیش کیے جاتے ہیں جو قاری کو حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔ اسی طرح داستان میں ایسی ایسی باتیں  پیش کی جاتی ہیں جن کو ہماری عقل قبول نہیں کرتی ہے۔ قدیم زمانے میں لوگ خیالی باتوں پر یقین رکھتے تھے۔ ان کو ایسی کہانیوں میں لطف آتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ عنصر  داستان  کا اہم جزو بن گیا۔

منظر کشی:

داستان میں مختلف واقعات پیش کیے جاتے ہیں۔ ان واقعات کی اور آس پاس کے تمام جزئیات کی منظر کشی کے ذریعے داستان نویس   داستان میں دلکشی  پیدا کرتا ہے۔ ماحول اور آس پاس کی چیزوں کی منظر کشی اتنی خوبصورتی سے کی جاتی ہے کہ تمام مناظر آنکھوں کے سامنے پھر جاتے ہیں۔صرف اتنا ہی نہیں بلکہ مناظر فطرت کی بھی عکاسی کی جاتی ہےجس سے مزید دلکشی پیدا کی جاتی ہے۔

ندرت بیان :

داستان میں بیان کی ندرت اور لطافت کو کافی اہم مانا جاتا ہے۔حسن بیان اور موثر انداز بیان کے ذریعے قاری کو داستان سے جوڑ کر رکھا جاتا ہے۔کیونکہ اگر کہانی کے بیان میں گرانی رہے گی اور اسے بہتر طریقے سے پیش نہیں کیا جاسکا تو وہ قاری کے لیے باعث دلچسپ نہ ہوسکے گی اور داستان کی مقبولیت میں بھی کمی واقع ہوگی۔

Post a Comment

0 Comments